Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا وائرس: دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 40 لاکھ سے متجاوز

شائع 09 مئ 2020 05:08am

کراچی: عالمگیر وبا کووِڈ نائنٹین نے 212 ممالک کو لپیٹ میں لے کر 2 لاکھ 76 ہزار 216 افراد کو نگل لیا ہے، جب کہ وائرس سے 40 لاکھ 12 ہزار 841 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کورونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں ساڑھے 5 ہزار افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 1 لاکھ کے قریب نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 13 لاکھ 85 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,687 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کورونا ہلاکتوں کی تعداد 78,615 ہو گئی ہے، جب کہ 13 لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 29 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 2 لاکھ سے 23 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 26,585 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 40 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 626 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 31,241 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 11 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 30,201 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 99 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 11 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈھائی سو اموات ہوئیں۔

اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 26,299 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فرانس میں 26,230 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کورونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 10,017 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 46 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 830 اموات ہو چکی ہیں۔

بیلجیئم میں 8,521 مریض، جرمنی میں وائرس سے 7,510 مریض، ایران میں 6,541 مریض، نیدرلینڈز میں 5,359 افراد، چین میں 4,633 (گزشتہ 12 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، کینیڈا میں 4,569، ترکی میں 3,689، سوئیڈن میں 3,175، میکسیکو میں 3,160، انڈیا میں 1,985، سوئٹزرلینڈ میں 1,823، روس میں 1,723، پیرو میں 1,714، ایکواڈور میں 1,704، آئرلینڈ میں 1,429، پرتگال میں 1,114، اور اسرائیل میں 245 کورونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔